خان شہید کی 52 ویں برسی پر 2 دسمبر کو ایوب اسٹیڈیم میں جلسہ عام ہوگا ، عوام فارم 47 کی حکومت کیخلاف باہر نکلیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کے عظیم سالار عبدالصمد خان اچکزئی کی 52ویں برسی 2 دسمبر 2025 بروز منگل ایوب سٹیڈیم میں نہایت عقیدت واحترام سے منائی جائیگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے اکابرین نے فرنگی سامراج کے خلاف آزاد ی کی آواز بلند کی۔ خان شہید اور ان کے جلسے آزادی اور حریت پسندوں کی جدوجہد کے نتیجے میں انگریز حکمران جانے پر مجبور ہوئے تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان 23مارچ 1940کے قرارداد پاکستان کے تحت وجود میں آیا تھا۔ لیکن شروع دن سے قرار داد پرعمل درآمد نہ ہونے دیا گیا اور بڑی مشکل سے 23سال بعد ملک کو ایک متفقہ دستور ملا لیکن بعد میں 1973کے آئین کو ملک کی آمریت نواز غیر جمہوری قوتیں اسے توڑنے اور معطل کرتے رہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 2024کا الیکشن اور اس کے نتیجے میں فارم 45کو 47سے تبدیل کرنے کا واحد مقصد ملک کے متفقہ آئین کی دھجیاں اڑانی تھیں اور آخر کار ملک کو اس ناپسندیدہ غیر جمہوری اور غیر آئینی 27ترمیم سے تاریخ کا بدترین نقصان پہنچا ہے۔ جس کی روک تھام سیاسی جمہوری قوتوں کی ذمہ داری ہے۔ بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ خان شہید کی برسی ملک کی انتہائی خراب سیاسی صورتحال میں امید کی ایک کرن ثابت ہوگی۔ غیور، وطن دوست، جمہوریت پسند عوام 2دسمبر کے جلسہ عام میں اپنی شرکت کرکے ملک پر مسلط فارم47کی نام نہادحکومت سے بیزاری اور ملک میں آئین کی بالادستی، جمہور کی حکمرانی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام کے لیے اپنا مثبت وتعمیری کردار ادا کرے۔

WhatsApp
Get Alert