پنجاب حکومت نے اڈیالہ جیل راولپنڈی سے عمران خان کی منتقلی کی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دےدیا

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف کو کسی اور مقام پر منتقل کیے جانے کی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں پھیلائی جانے والی یہ باتیں حقائق پر مبنی نہیں، بانی پی ٹی آئی کو نہ تو کہیں منتقل کیا گیا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے۔بانی پی ٹی آئی جیل میں بالکل محفوظ ہیں اور انہیں جیل قوانین کے مطابق تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔قیدی ہونے کے باعث ان تک رسائی محدود ہے اور انہیں صرف اہل خانہ اور وکلا ہی سے ملاقات کرنے کی اجازت ہے، اس کے علاوہ کوئی خصوصی ریلیف یا اضافی رعایت نہیں دی جا رہی۔
وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں سیاسی ملاقاتیں بھی کرتے ہیں اورمختلف مواقع پراحتجاج اور ہنگاموں سے متعلق ہدایات جاری کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔جیل انتظامیہ اس صورتحال کا نوٹس لے رہی ہے اور ہر معاملے پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے حکومت پنجاب کسی بھی قیدی کیلئے قانون سے بالاتر سہولت کی قائل نہیں۔قانون سب کیلئے برابر ہے اور بانی پی ٹی آئی بھی ایک قیدی ہی کی حیثیت رکھتے ہیں، افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
