خشک سالی کے بحران سے نمٹنے کے لیے سائنسی بنیادوں پر اقدامات جاری رہیں گے، جہانزیب خان غوریزئی


کوئٹہ( ڈیلی قدرت )بلوچستان کے شدید خشک سالی زدہ علاقوں میں بارش بڑھانے کے مقصد سے ویذر جنریٹرز کی تنصیب کے لیے پی ڈی ایم اے بلوچستان نے بین المحکمانہ رابطہ کاری شروع کر دی ہے۔اس سلسلے میں ایک اجلاس پی ڈی ایم اے کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈائریکٹر پلاننگ و کوآرڈینیشن، جناب نوید احمد شیخ نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے اصغر علی جمالی، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک، ڈائریکٹر زراعت، ایس ڈی او آبیاری ڈپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں مقامی حکام نے مکران اور رخشاں ڈویژن میں جاری شدید خشک سالی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال سے ان علاقوں میں کوئی خاطر خواہ بارش نہیں ہوئی، جس کے باعث زراعت اور مویشیوں کی پیداوار شدید متاثر ہوئی ہے اور عوام کی روزگار و معاش پر خطرہ بڑھ گیا ہے۔شرکا نے ویذر جنریٹرز کے تکنیکی اور عملی پہلوں کا جائزہ لیا اور متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ کسی خشک سالی زدہ علاقے میں ٹیکنالوجی کا تفصیلی پیشکش اور فیلڈ ڈیمو کیا جائے، تاکہ نظام کی افادیت، مثریت اور مناسبیت کا تعین کیا جا سکے، جس کے بعد معاہدے کی حتمی منظوری دی جائے۔نوید احمد شیخ نے تمام محکموں کے تعاون کو سراہا اور پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ اور جدید حل اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ریلیف کمشنر / ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، جناب جانزیب خان غوریزئی نے بھی تمام شرکا کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ خشک سالی کے بحران سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اور سائنسی بنیادوں پر اقدامات جاری رہیں گے۔

WhatsApp
Get Alert