زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی طالبہ کو ’نازیبا اشارے، جنسی ہراساں‘ کرنےوالا پروفیسر گرفتار، مقدمہ درج


فیصل آباد(قدرت روزنامہ)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد بورے والا کیمپس میں جنسی اسکینڈل پر ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) وہاڑی محمد افضل نے نوٹس لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے اسکینڈل میں ملوث گرفتار پروفیسر یحییٰ خان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ پروفیسر کے خلاف سب انسپکٹر دلشاد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، تھانہ شیخ فاضل میں درج مقدمہ میں پانچ مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمہ میں دفعہ509,292, 293,294اور354شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد بورے والا کیمپس میں جنسی اسکینڈل سامنے آیا تھا اور پروفیسر کی جانب سے مبینہ طور پر طالبہ کو نازیبا اشارے کرنے، اور جنسی ہراساں کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔
معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا تھا کہ طالبہ نے 31 اکتوبر کو پروفیسر کے خلاف تحریری درخواست گزاری۔
یونیوسٹی انتطامیہ نے مزید بتایا کہ جنسی حراسگی میں ملوث پروفیسر یحییٰ کو معطل کردیا گیا ہے اور ان کا داخلہ یونیورسٹی میں بند کردیا گیا ہے۔
پرنسپل نے کہا کہ وائس چانسلر کے پاس حراسمنٹ کمیٹی معاملے کی انکوائری کررہی ہے، تاحال پروفیسر کے خلاف کوئی حتمی انکوائری رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔
پروفیسر یحییٰ خان کی طالبہ کو نازیبا اشارے کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی، پروفیسر یحییٰ نے طالبہ سے اپنی گفتگو میں کہا تھا کہ ‘پیپرز میں 2 نمبر اضافی لگانے پر مجھے کیا دو گی‘۔

WhatsApp
Get Alert