ہاؤسنگ اسکیم کا قیام صحافتی تاریخ کا یادگار موقع ہے، وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کوئٹہ پریس کلب

مختصر مدت میں وعدہ پورا کیا، کم تنخواہ والے صحافیوں کو مفت فلیٹس دینا قابل ستائش ہے، عرفان سعید


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید،جنرل سیکرٹری ایوب ترین سمیت تمام عہدیداروں اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی کا ہاوسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ صوبے کی صحافتی تاریخ کا ایک یادگار موقع ہے۔
کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی تین دہائی سے زائد عرصے پر محیط جدوجہد کے بعد وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں کی بدولت یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بطور وزیر اعلی صحافیوں کو درپیش شکایت کے حل اور سہولیات کی فراہمی کے لئے جو کردار ادا کیا ہے وہ نہ صرف حوصلہ افزا بلکہ انتہائی قابل ستائش بھی ہے۔
گزشتہ روز وزیراعلی کی جانب سے ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح اور کم تنخواہ پانے والے صحافیوں کے لیے صرف ایک سال کے اندر مفت فلیٹس کی تعمیر اور دیگر کے لیے نصف قیمت پر فلیٹس کی تعمیر کا اعلان ان کے اس وعدے کی تکمیل ہے جو انہوں نے صرف چار ماہ قبل کیا تھا انتہائی مختصر مدت میں اپنے وعدے کی تکمیل کرکے صحافیوں کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا کیا ہے۔
بیان میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان مستقبل میں بھی صحافیوں کو درہیش مسائل کے حل اور آزادی صحافت کو یقینی بنانے میں تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

WhatsApp
Get Alert