پنجاب کی 300 ایکڑ زمین میں کیا چھپا ہے؟ چین کا ڈیڑھ ارب ڈالر منصوبہ صنعتی ترقی کی نئی راہیں کھولے گا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چینی کمپنی نے پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر صوبے 300 ایکڑ پر ایک جدید صنعتی پارک بنانے کا معاہدہ کرلیا ہے۔ منصوبے کی لاگت ایک ارب 50 ڈالر ڈالر ہے جس سے ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا ہونے کا امکان ہے۔
صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت چوہدری شفاعت حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے اور یہ سرمایہ کاری صوبے میں ملازمت اور صنعتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی۔
وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز کو بین الاقوامی معیار کے انفراسٹرکچر سے جدید بنایا جا رہا ہے۔ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے تحت کمیونٹی سینٹرز اور بینکنگ سہولتیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کو مکمل سہارا مل سکے۔
صنعتی پارک میں ٹیکسٹائل، آٹوموٹیو، فارماسیوٹیکل اور دیگر شعبوں کی مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کی جائیں گی جو پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ ہزاروں نئی ملازمتوں کے مواقع فراہم کریں گی۔
سینو پاک ٹیک انڈسٹری (پرائیویٹ) لمیٹڈ چین-پاکستان صنعتی تعاون کو فروغ دینے والی کمپنیوں میں شامل ہے اور پاکستان میں چینی مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی پارٹنرشپ کو وسعت دے رہی ہے۔ اس کی ذیلی کمپنی، سینوپاک الیکٹرو مکینیکا (پرائیویٹ) لمیٹڈ، پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کو مشینری کی خریداری، نقل و حمل، کسٹم کلیئرنس، تنصیب اور بعد از فروخت خدمات فراہم کرتی ہے۔
