بلدیاتی انتخابات میں بھرپور محنت کریں گے، انشاء اللہ کوئٹہ کا میئر پیپلز پارٹی کا جیالہ ہوگا، میر لیاقت لہڑی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ و پیپلزپارٹی کے رہنما اور چیئرمین زرغون ٹاؤن میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم ہے اور پارٹی امیدوار بلدیاتی انتخابات میں عوامی خدمت اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور محنت کریں گے، پارٹی کا مقصد ہر یونین کونسل اور وارڈ میں عوامی مسائل کے حل کے لیے فعال نمائندہ فراہم کرنا ہے۔یہ بات انہوں نے اتوار کو لہڑی ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے تحت زرغون ٹاؤن اور چلتن ٹاؤن سے منسلک مختلف یونین کونسلوں اور وارڈز کے امیدواروں کی جانب سے پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لیے اپنی درخواستیں جمع کرانے کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن کے صدر خیر محمد ترین ، مرکزی رہنما حاجی نصیب اللہ اچکزئی ، احسان اللہ افغان ،کوئٹہ سٹی جنرل سیکرٹری نعمت لالا، سیکرٹری اطلاعات اکبر خان ترین، سینئر نائب صدر سید ایوب آغا، نائب صدر زبیر خان بڑیچ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری دادمحمد خوندئی، خان جی سلیمان خیل، حفیظ محمود مینگل، عمران بڑیچ، حاجی اسحاق مینگل، حضرت باچا، رحمت اللہ نورزئی دیگر بھی موجود تھے۔ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے پیپلزپارٹی کے امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ و چیئرمین زرغون ٹاؤن میر لیاقت لہڑی اور کمیٹی ممبران ملک ذیشان حسین ،ڈاکٹر عبید کاکڑ، وارث محمود اچکزئی، انجینئر احسان خلجی کے پاس جمع کرائی گئیں۔پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی حقیقی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے موثر انداز میں آواز بلند کی ہے پیپلز پارٹی کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں خدمت کے جذبے کے تحت بھر پور حصہ لے کر کامیابی حاصل کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں انشاء اللہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھر پور کامیابی حاصل کریگی اور کوئٹہ کا میئر پیپلز پارٹی کا جیالہ ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert