نوکنڈی میں ایف سی کیمپ پر حملہ ناکام، جوابی کارروائی میں 4 حملہ آور مارے گئے، ذرائع
سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو مار گرایا کیمپ میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، ایس ایس پی محمد شریف

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں اتوار کی شب فرنٹیئر کور کے مرکزی کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حملہ گزشتہ رات ساڑھے آٹھ بجے کے قریب کیا گیا جس کے فورا بعد فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں نے ماحول کو لرزا دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد چار بتائی جاتی ہے، جن میں سے ایک نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر زوردار دھماکے کے ذریعے خود کو اڑا دیا، جبکہ باقی حملہ آور سکیورٹی فورسز کی موثر اور بروقت جوابی کارروائی میں مارے گئے۔ تاہم ان تفصیلات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
ایس ایس پی چاغی محمد شریف نے میڈیاسے گفتگو میں بتایا کہ حملے کے فورا بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی شروع کر دی اور اس وقت کیمپ کے اندر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ان کے مطابق فورسز پوری احتیاط کے ساتھ علاقے کا مکمل معائنہ کر رہی ہیں۔نوکنڈی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے کہا ہے کہ پہلے مرکزی گیٹ کی جانب ایک زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی جس کے بعد شدید فائرنگ شروع ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا سلسلہ تقریبا ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک جاری رہا جبکہ وقفے وقفے سے سات سے آٹھ چھوٹے دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیں۔
اہلکار نے مزید بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے تاحال نقصانات کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم ابتدائی اندازے کے مطابق حملہ آور زیادہ تعداد میں تھے جو فورسز کی کارروائی میں مارے گئے۔علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے۔
