خان شہید کا سیاسی فلسفہ ملکی بحرانوں سے نجات کا واحد راستہ ہے، 2 دسمبر کے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں، پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی 2 دسمبر کو دوپہر 1 بجے ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 52 ویں برسی کے موقع پر ان کی بے مثال قومی و جمہوری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد کر رہی ہے۔بیان میں بتایا گیا کہ اس بڑے عوامی اجتماع میں پارٹی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین ملک کے موجودہ سیاسی و معاشی حالات کے تناظر میں خان شہید کے افکار، جدوجہد اور نظریات کی عملی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ معروضی صورتحال ایک بار پھر یہ ثابت کر رہی ہے کہ خان شہید عبدالصمد خان کا سیاسی فلسفہ، جس کی بنیاد حقیقی جمہوریت، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، عوامی حاکمیت اور قومی برابری پر ہے، ملک کو موجودہ سیاسی، معاشی اور ریاستی بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ ہے۔مرکزی سیکرٹریٹ نے کہا کہ قوموں کے حقوق، وفاقی جمہوریت، پارلیمنٹ کی اتھارٹی اور اداروں کی آئینی حدود کا تعین ملکی استحکام اور ترقی کی بنیادی شرطیں ہیں۔ پارٹی نے تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ طبقات، خصوصا طلبہ، مزدور، وکلا، ڈاکٹرز، صحافی، تاجر برادری، زمینداروں اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کو جلسہ عام میں بھرپور شرکت کی دعوت دی ہے تاکہ ایک اجتماعی قومی و جمہوری پیغام پوری دنیا تک پہنچایا جا سکے گا۔بیان میں امید ظاہر کی گئی کہ عوام بڑی تعداد میں شریک ہو کر خان شہید کے عظیم مشن سے اپنی وابستگی اور ملک میں جمہوریت، آئین کی حکمرانی اور عوامی حقوق کی جدوجہد کو مزید آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کریں گے۔
