کوئٹہ کسٹمز انفورسمنٹ کا بڑا کریک ڈاؤن، 27 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی 28 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں قبضے میں، ایف بی آر


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) کلیکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کوئٹہ نے بلوچستان بھر میں دو بڑے آپریشنز کے دوران  28 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ضبط  کر لی ہیں جن کی مالیت 27 کروڑ بیس لاکھ  روپے ہے۔ چیف کلکٹر آف کسٹمز (انفورسمنٹ) اسلام آباد کی ہدایت پر شروع کیے گئے وسیع کریک ڈاؤن کے سلسلے میں پہلی کارروائی کے دوران کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے  بارہ کروڑ بیس لاکھ روپے مالیت کی 19 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں قبضے میں لے لیں ضبط کی گئی گاڑیوں میں ٹویوٹا لینڈ کروزر، کرولا، پرائس، فیلڈر، کراؤن، مارک ایکس، پریمیو، ایکوا، وٹز، پرو باکس، میرا اور آلٹو جیسے قیمتی ماڈلز شامل ہیں تمام گاڑیوں کو کسٹم ایکٹ 1969 کے تحت قانونی کارروائی کے لیے قبضہ میں لے لیا گیا ہے خفیہ اطلاع کی بنیا د پر کی جانے والی ایک اور کارروائی میں کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کے موبائل اسکواڈ نے ایف سی 74 ونگ کے ہمراہ کوئٹہ شہر میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر مزید 9 این سی پی گاڑیاں قبضے میں لے لیں جن کی مالیت پندرہ کروڑ روپے ہے ان میں 2 ٹویوٹا لینڈ کروزر، 2 کراؤن ہائبرڈ کاریں، 1 ٹویوٹا لینڈ کروزر پراڈو،  2 ٹویوٹا پرائس کاریں، 1 سوزوکی آلٹو  اور 1 سوزوکی ہیوی بائیک شامل ہیں۔ایف بی آر نے انفورسمنٹ کوئٹہ کی ٹیموں کو ان کی موثر کوآرڈینیشن، کڑی نگرانی اور آپریشنل بہترین کارکردگی پر سراہا ہے یہ اقدامات اسمگلنگ کی روک تھام ، قومی محصولات کے تحفظ اور پاکستان بھر میں قانونی تجارتی طریقوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایف بی آر کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert