خانئی بابا سے زیارت روڈ کی حالت زوال پذیر، فوری بحالی یقینی بنائی جائے، جمعیت علماء اسلام

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) جمعیت علماء اسلام بلوچستان نے پریس ریلیز میں واضح کیا ہے کہ جماعت سیاست میں شائستگی، اخلاقی اقدار اور عوامی خدمت کے اصولوں کی سختی سے پابند ہے جے یو آئی ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کرتی رہی ہے اور اس کا مقصد یہ ہے کہ عوام کو مشکلات کے بھنور میں تنہا نہ چھوڑا جائے بلکہ ان کے لیے آسانیاں فراہم کی جائیں۔بیان میں شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خنائی بابا سے زیارت روڈ غیر ضروری تاخیر کا شکار ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ شاہراہ نہ صرف زیارت بلکہ سنجاوی، ضلع دکی اور لورالائی کے شہریوں کے لیے آمد و رفت کا اہم ذریعہ ہے۔ افسوسناک طور پر اس سڑک کی حالت اب کھنڈرات جیسی ہو گئی ہے اور برفباری کے دوران یہاں پیدل چلنا بھی ممکن نہیں ہوگا۔مزید برآں، یہ سڑک صوبائی درالخلافہ تک مریضوں کی بروقت رسائی کے لیے بھی استعمال ہوتی ہے، لیکن متعلقہ اداروں کی غیر سنجیدہ رویہ نے اس اہم شاہراہ کی اہمیت کو نظرانداز کر دیا ہے، جو ایک سنگین انسانی مسئلہ ہے۔ علاقے کی دیگر اہم شاہرائیں بھی اسی طرح زوال پذیر حالت میں ہیں، جس سے عوام کو نقل و حرکت میں شدید مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ گیس اور بجلی کے بنیادی مسائل کے بعد اب یہ سڑکیں عوام کے لیے مزید آزمائش بن گئی ہیں۔ زیارت کے شہری سردیوں کے سخت اور دشوار حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، اور انتظامیہ کی غیر سنجیدہ کارکردگی نے ان مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔جمعیت علماء اسلام بلوچستان حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ خنائی بابا سے زیارت روڈ کی فوری بحالی اور تکمیل کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات اور خطرات کا سامنا نہ کرنا پڑے سردیوں کا موسم شروع ہو چکا ہے۔
