ترک وزیر توانائی الپ ارسلان کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائرقدار نے منگل جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خصوصاً پاک ترکیہ تعاون کو توانائی کے شعبے میں وسعت دینے، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اسٹریٹیجک تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بات چیت ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اہداف اور علاقائی استحکام کے لیے شراکت داری بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے مختلف بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی مستقل حمایت پر ترکیہ کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
الپ ارسلان نے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
