دو نمبر حکومت نے آئین کا کباڑا کر دیا، ظلم کے خلاف کھڑے رہیں گے، محمود خان اچکزئی

مینڈیٹ چوری کر کے حکومت بنائی گئی، موجودہ پارلیمنٹ کو نہیں مانتے ججز استعفے دے رہے ہیں، عدالتیں سیاسی ہو چکی ہیں، یہ جبر کی قوتوں کی نمائندہ ہیں، سربراہ پشتونخوا میپ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے آئین کا حلیہ بگاڑ دیا ہے، پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کر کے بننے والی “دو نمبر حکومت” کو نہیں مانتے، ججز استعفے دے رہے ہیں اور عدالتیں سیاسی ہو چکی ہیں جو جبر کی قوتوں کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 52 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔


محمود خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گالیاں دینے کے لیے اتحاد نہیں بنایا بلکہ ہمیں یقین تھا کہ جس انداز میں تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور ایک جعلی حکومت مسلط کی گئی، یہ حکومت آئین کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ آور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک سال پہلے اختر مینگل، صاحبزادہ حامد رضا، علامہ ناصر عباس اور دیگر کے ساتھ مل کر تحریک تحفظ آئین کی بنیاد رکھی تاکہ ملک میں آئین کی حکمرانی قائم ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئین ایک سماجی معاہدہ ہے، اگر کسی کے پاس پوری اسمبلی کی سیٹیں بھی ہوں تب بھی اسے آئین کا بنیادی ڈھانچہ تبدیل کرنے کا حق نہیں ہے۔

سربراہ پشتونخوا میپ نے موجودہ عدالتی نظام پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یار لوگوں نے عدالتوں کو بند کر دیا ہے، ججز استعفے دے رہے ہیں، سیاسی عدالتیں ہمیشہ جبر کی قوتوں کی نمائندہ ہوتی ہیں اور یہ ان لوگوں کے خلاف بنتی ہیں جو معاشرے کے لیے مثبت اور جمہوری فکر رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ نے عمران خان کے ووٹوں اور دو نمبر طریقے سے دو تہائی اکثریت حاصل کر کے پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ محمود خان اچکزئی نے حدیث نبوی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ظالم سلطان کے سامنے کلمہ حق کہنا بہترین جہاد ہے، چاہے کوئی اور بولے یا نہ بولے، پشتونخوا میپ اور تحریک تحفظ آئین کا ہر کارکن ظلم کے خلاف کھڑا رہے گا۔ جلسے کے اختتام پر انہوں نے “چور حکومت مردہ باد” اور “ناروا حکومت نامنظور” کے نعرے بھی لگوائے۔

WhatsApp
Get Alert