ظلم اور خوف کی سیاست کو شکست دینے کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے، میر رحمت صالح بلوچ

پنجگور (ڈیلی قدرت) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے شہید ولید صالح بلوچ کے چہلم اور تعزیتی ریفرنس میں عوامی شرکت کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے نیشنل پارٹی، دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں، قائدین، سول سوسائٹی، بزرگوں اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید ولید صالح بلوچ کا دکھ کسی ایک خاندان تک محدود نہیں بلکہ پورے صوبے اور پنجگور کا اجتماعی درد ہے، اور عوام نے جس مثالی یکجہتی کا اظہار کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان بھائی، جو شادی کی تیاریوں کے آخری مراحل میں تھا، اسے بیدردی سے شہید کرنا پورے معاشرے کے خوابوں پر ضرب تھی، مگر عوام نے جس بڑے پن کا مظاہرہ کیا، اس نے زخموں پر مرہم رکھا۔میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ عوامی اعتماد کو امانت سمجھ کر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ اگر پنجگور، بلوچ عوام اور جمہوری قوتیں متحد رہیں تو کوئی طاقت انہیں مٹا نہیں سکتی۔ ظلم، قتل و غارت اور خوف کی سیاست کو شکست دینا اسی وقت ممکن ہے جب ہم خاموش نہ رہیں، منتشر نہ ہوں اور پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پرامن جدوجہد کا راستہ اپنایا ہے اور آج بھی ہمارا نظریہ جیو اور جینے دو ہے۔ ہم نہ اپنی رائے مسلط کریں گے اور نہ کسی کو اجازت دیں گے کہ وہ ہمارے حقوق اور نظریات کو پامال کرے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پرامن پنجگور اور پرامن بلوچستان ہماری منزل ہے، جس کے لیے عوامی بیداری، بھائی چارے، محبت اور خدمت کی سیاست کو فروغ دینا ضروری ہے۔
