غیر ملکیوں کو شناختی کارڈز جاری کرنے کا بھانڈا پھوٹ گیا، نادرا کے 3 افسران دھر لیے گرفتار

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کوئٹہ نے غیر ملکیوں کو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے سنگین الزام میں نادرا کے تین اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار اہلکاروں میں کوئٹہ ریجنل ہیڈ آفس کے انور شاہ جبکہ چمن زون کے جونیئر ایگزیکٹو اختر شاہ اور خواجہ وقاص شامل ہیں۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکار غیر ملکیوں سے بھاری رقوم لے کر انہیں پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرتے تھے، جس کے ذریعے وہ پاکستانی پاسپورٹ حاصل کر کے سعودی عرب سفر کرتے تھے۔ سعودی حکام کی جانب سے تحقیقات کے بعد متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا اور پاکستانی حکام کو بھی معاملے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا۔ایف آئی اے نے نادرا افسروں کو بیانات کے لیے طلب کیا، ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد تینوں اہلکاروں کو مزید تحقیقات کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
