جو حکومت گٹر کے ڈھکن نہیں لگا سکتی وہ اور کیا کرے گی،زبیر عمر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما زبیر عمر کا کہنا ہے پاکستان میں ایکسپورٹ گر گئی ہے ۔ تجارتی خسارہ 37 فیصد بڑھ گیا ہے۔ جنرل سرفراز نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں کاروبار اب نہیں چل سکتا ۔ ایس آئی ایف سی کے افسر نے کہا پاکستان میں سرمایہ کاری کاماحول نہیں ۔ گورنرسٹیٹ بینک نے بھی کہہ دیا ہے کہ حکومت اپنی پالیسی تبدیل کرے ۔ نجکاری کے وزیر کہتے ہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کا موقع ہے لیکن گورننس سسٹم ایسا ہے کہ کوئی سرمایہ کاری نہیں کرے گا ۔ پونے 4 سال بعد وزیر اعظم کا جواب دینا بنتا ہے ۔ گورننس کے حوالے سے 120 ممالک میں پاکستان کا نمبر 109 ہے۔ یہ ہیں ہمارے حالات۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیروزگاری کی شرح 21 سال کے بعد سب سے بلند سطح پر پہنچ گئی۔ وزیر اعظم اور ڈپٹی وزیر اعظم نے آئی ایم ایف کی 5300 ارب روپے کی کرپشن رپورٹ پر وضاحت نہیں دی۔ حکومت،بیروزگاری،غربت سمیت کسی معاملے پر بات نہیں کرتی،شرمندگی اٹھانا پڑتی ہے ۔ جو خریداری 20 ہزار میں ہوتی تھی وہ 50 ہزار تک پہنچ گئی ہے ۔
کراچی میں مین ہول میں گر کر بچے کی ہلاکت کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پہلا نہیں ہے۔ جو حکومت گٹر کے ڈھکن نہیں لگا سکتی وہ اور کیا کرے گی۔
