بیرون ملک بیٹھے کالعدم تنظیموں کے سربراہان اور 300 سے زائد دہشت گردوں کیخلاف گھیرا تنگ

انٹرپول کے ذریعے ریڈ نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ بلوچستان کی سرزمین پر خون بہانے والوں کو دنیا کے کسی کونے میں چھپنے نہیں دیں گے , وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان نے دہشت گردی میں ملوث بیرون ملک بیٹھے کالعدم تنظیموں کے سربراہان، کمانڈرز اور 300 سے زائد دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں دہشت گرد نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے سخت اور غیر معمولی اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کالعدم بی ایل اے، بی ایل ایف، یو بی اے، بی آر جی اور لشکر بلوچستان کی قیادت کے خلاف درج مقدمات کی پراسیکیوشن کو تیز کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومت وفاقی وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کی مدد سے انٹر پول کے ذریعے ریڈ نوٹسز کی کارروائی کو تیز کرے۔ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث مقامی سہولت کاروں سے لیکر کالعدم تنظیموں کی قیادت تک کے خلاف پروانشل ایکشن پلان کی گائیڈ لائن کے تحت بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی جس میں بیرون ملک دہشت گرد قیادت کی مقامی سہولت کاروں سے رابطوں، کال ریکارڈنگز اور دیگر شواہد پیش کیے گئے۔ اجلاس میں بیرون ملک دہشت گرد کمانڈرز اور ان کے مقامی سہولت کاروں کے خلاف فوری اور بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث اندرون و بیرون ملک ہر عنصر کے خلاف مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔ بلوچستان کی سرزمین پر خون بہانے والوں کو دنیا کے کسی کونے میں چھپنے نہیں دیں گے۔ سیاسی لبادہ اوڑھے دہشت گرد تنظیموں کے بیرون ملک بیٹھے سربراہان اور ان کے کمانڈرز کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے لانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ انسداد دہشت گردی کے نئے قوانین کے تحت کارروائیاں تیز کی جائیں اور محکمہ داخلہ بلوچستان پروانشل ایکشن پلان کی گائیڈ لائن کے تحت قائم سیل کو مزید متحرک کرے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ تمام دہشت گرد تنظیموں کے سربراہان اور ان کے سہولت کاروں کی مکمل فہرست مرتب کرکے دستیاب شواہد کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے اور مرتب کردہ ریکارڈ اور شواہد کو وفاقی حکومت کی مدد سے ہر بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پیش کرکے بھرپور قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کا مکمل صفایا اب ناگزیر اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ دہشت گردی کے پیچھے غیر ملکی آقاؤں کے مقاصد بے نقاب ہو چکے ہیں، بلوچستان مزید کسی غیر ملکی ایجنڈے کا شکار نہیں ہوگا۔ ریاست پاکستان اور بلوچستان دشمنوں کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے، آخری سہولت کار تک پیچھا کیا جائے گا۔ بلوچستان کے امن، عوام کی حفاظت اور ریاستی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert