کراچی: گلستان جوہر میں فائرنگ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس زخمی

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس زخمی ہوگئے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس گلشن اقبال ڈاکٹر عبدالخالق کے مطابق واقعہ شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر میں پرفیوم چوک کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے سیکیورٹی زون 2 میں تعینات ڈی ایس پی غلام مرتضی راہو گلستان جوہر میں پرفیوم چوک کے قریب روفی گرین سٹی اپارٹمنٹس کے رہائشی ہیں۔ وہ سادہ کپڑوں میں اہل خانہ کے ہمراہ گھر سے نکلے ہی تھے کہ پرفیوم چوک پر موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے انہیں مبینہ طور پر لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر انہیں گولی مار دی۔
پولیس کے مطابق غلام مرتضی راہوں کو فوری طور پر قریب ہی واقع دارالصحت اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، غلام مرتضی راہو کو ٹانگ میں گولی لگی ہے اور انہیں طبی امداد دے دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق زخمی ڈی ایس پی معروف سندھ کے معروف سیاستدان اسماعیل راہو کے بہنوئی ہیں جو رواں سال 6 جنوری کو انسپکٹر سے ڈی ایس پی کے عہدے پر پرموٹ ہوئے تھے۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے