پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سردار ادریس بڑیچ کی ریلوے علاقائی ایگزیکٹو اجلاس میں شرکت

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سردار ادریس بڑیچ نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ریلوے علاقائی ایگزیکٹو کے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس مقامی سطح پر تنظیمی فعالیت بڑھانے، کارکنوں کی رابطہ مہم کو منظم کرنے اور انتخابی لائحہ عمل کو مؤثر بنانے کے لیے منعقد کیا گیا۔اجلاس میں علاقائی ایگزیکٹو اراکین نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں، جن میں وارڈ سطح پر تنظیم سازی، عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی منصوبہ بندی، اور انتخابی مہم میں عوامی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے جیسے نکات شامل تھے۔سردار ادریس بڑیچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی ادارے عوام کی دہلیز پر بنیادی مسائل کے حل کا واحد ذریعہ ہیں اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ہمیشہ سے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی حامی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی کامیابی کا انحصار کارکنوں کی بھرپور عوامی رابطہ مہم اور منظم حکمتِ عملی پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی پوری تیاری کے ساتھ حصہ لے رہی ہے اور ہر وارڈ میں اہل، دیانتدار اور عوام دوست امیدوار سامنے لائے جائیں گے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے درمیان جا کر مسائل کو سنیں، ان کے حل کے لیے عملی تجاویز مرتب کریں اور پارٹی کے پیغام کو مؤثر انداز میں پہنچائیں۔
اجلاس میں علاقائی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل، انتخابی ذمہ داریوں کی تقسیم اور آئندہ اجلاس کے شیڈول پر بھی اتفاق کیا گیا۔ آخر میں کارکنان نے سردار ادریس بڑیچ کی رہنمائی پر اعتماد کا اظہار کیا اور بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
