بلوچ اور سندھی اقوام صدیوں پر محیط رشتوں اور مشترکہ جدوجہد کی بنیاد پر مضبوط وحدت کی مثال ہیں،میر رحمت صالح بلوچ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے سندھی کلچر ڈے کے موقع پر سندھی بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھی اور بلوچ اقوام صدیوں پر محیط تاریخی رشتوں، ثقافت، محبت، بھائی چارے اور مشترکہ جدوجہد کی بنیاد پر ایک مضبوط وحدت ہیں۔
میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ سندھی ثقافت صرف اجرک اور ٹوپی تک محدود نہیں بلکہ یہ تہذیب، مزاحمت، پرامن بقائے باہمی اور جمہوری اقدار کا علمبردار کلچر ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ اور سندھی اقوام نے ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں ساتھ دیا ہے اور سیاسی، سماجی و ثقافتی میدان میں شانہ بشانہ جدوجہد کی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر عہد کیا کہ آج کے دن بھائی چارے اور ثقافتی یگانگت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ نفرت، تعصبات اور محرومیوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے ذریعے پرامن، ترقی یافتہ اور برابری پر مبنی معاشرے کی تشکیل ممکن ہو۔ میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی سندھ اور بلوچستان سمیت تمام اقوام کی وحدت، جمہوری حقوق اور ثقافتی شناخت کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert