فارم 47 کی حکومت سے عوام کو نجات دلائیں گے، 2 کونسلرز کی بلامقابلہ کامیابی شروعات ہے: عبدالخالق ہزارہ

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماوں نے پارٹی کے دو کونسلروں کی بلامقابلہ کامیابی کو پارٹی کامیابیوں کی شروعات قرار دیتے ہوئے دونوں کونسلروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاہے کہ کوئٹہ کے شہری بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کے نامزد امیدواروں کو بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب کرکے کوئٹہ کو ایسی قیادت فراہم کریں جو فارم 47 کے مسلط حکومت کی تباہ کاریوں کے اثرات سے اس شہر اور عوام کو نجات دلاسکیں اس طرح کی قیادت صرف ایچ ڈی پی کے پلیٹ فارم سے ہی ممکن ہیں ان خیالات کا اظہار چئیرمین عبدالخالق ہزارہ، نائب چئیرمین اول مرزاحسین ہزارہ، نائب چئیرمین دوئم عزیزاللہ ہزارہ، جنرل سکیرٹری احمد علی کوہزاد، سکیرٹری اطلاعات قادر علی نائل پارٹی کے نامزد کونسلروں و ضلعی رہنماوں نے زرغون ٹاون اور چلتن ٹاون میں پارٹی کی نامزد کونسلروں کے دفاتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا تقاریب سے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کی جدوجہد اور قیادت کی استقامت کے نتیجے میں پارٹی ہزارہ قوم کی نمائندہ اور کوئٹہ کے شہریوں کی مثالی جماعت ہے۔ 2024 کے عام انتخابات میں کوئٹہ کے شہریوں کا مینڈیٹ چرایا گیا فارم 47 کے ذریعے پیرا شوٹر اور مافیاز کو عوام پر تاریخ کی بدترین دھاندلی کے ذریعے مسلط کی گئی۔ آکشن اور نیلامی کے ذریعے عوام کی رائے کی توہین کی گئی اس پر شب خون مارا گیا۔ پیراشوٹرز اور مافیا سے تعلق رکھنے والے جیسے غیر منتخب افراد کو ہم پر مسلط کیا گیا ہم سے ہماری نمائندگی چین لی گئی۔ اس دھاندلی زدہ اور نیلام شدہ انتخابات کے نتیجے میں بننے والی فارم 47 کی حکومت کو کوئٹہ کے شہریوں اور صوبے کے عوام کی نمائندہ حکومت کسی صورت قرار نہیں دیا جاسکتا آج صوبے میں امن و امان کی جو بدترین صورتحال ہے اس کی ایک وجہ مسلط اور غیرمنتخب صوبائی حکومت ہے جن کا اپنے حلقے اور عوام سے رابطہ ہی نہیں۔ رہنماوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی قانون سازی ایچ ڈی پی کا ہی کارنامہ ہے ہماری جماعت نچلی سطح کے اس ادارے کو جس طرح سمجھ سکتا ہے اس کا کسی اور سے توقع نہیں کی جاسکتی پارٹی کے رہنماوں کی کارکردگی اور پارٹی کی جمہوری سیاسی جدوجہد کا اعتراف تمام جمہوری سیاسی لوگ کرتے ہیں صرف چند لوگوں نے کبوتر کی طرح آنکھیں بند کی ہوئی ہے اور اناپ شناپ کے ذریعے پارٹی کے خلاف زہر اگلنے میں لگے ہوئے ہیں انکی مصروفیت ایچ ڈی پی کی وجہ جاری ہے ورنہ یہ مسکین کب کے بیروزگار ہوچکے ہوتے انھوں نے کہا کہ ضلع کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں ایک بار پھر بھرپور عوامی طاقت سے یہ واضح کرینگے کہ ہزارہ قوم کا مینڈیٹ ہمیشہ ایچ ڈی پی کیساتھ ہے۔ ایچ ڈی پی اپنی گزشتہ کارکردگی اور عوامی طاقت کے بل بوتے پر بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر کوئٹہ شہر کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔ پارٹی کے سابق پارلیمانی نمائندوں نے کوئٹہ شہر میں بلا تفریق رنگ و نسل خدمت کر کے پارٹی کے امن محبت بھائی چارہ کے نعرے کو عملی جامعہ پہنایا۔ پارٹی رہنماں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایچ ڈی پی بلدیاتی انتخابات میں طالع آزماوں کو قوم اور شہریوں کے سیاسی مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیگی۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی رابطہ مہم تیز کر کے پارٹی منشور اور کارکردگی سے عوام کو آگاہ کریں۔
