وڈھ: جعلی ڈاکٹروں اور عطائیوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 15 میڈیکل اسٹورز سیل، ادویات ضبط، عوامی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں: اسسٹنٹ کمشنر

خضدار ( ڈیلی قدرت )ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی خصوصی ہدایات اور اسسٹنٹ کمشنر اکبر علی مزار زئی کی نگرانی میں خضدار کے تحصیل وڈھ اور مضافاتی علاقوں میں جعلی ڈاکٹروں، بغیر لائسنس میڈیکل اسٹورز اور غیر معیاری ادویات کے خلاف مثر کارروائی کی گئی۔ڈاکٹرگ انسپکٹر عبیداللہ شاہ اور نائب تحصیلدار محمد جان کی قیادت میں مشترکہ ٹیم نے وڈھ شہر اور ملحقہ علاقوں میں اچانک چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران پندرہ میڈیکل اسٹورز بغیر لائسنس پائے گئے جنہیں فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔ ایک غیر معیاری میڈیکل کلینک اور مشکوک لیبارٹری کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے ضروری کاغذات مکمل کریں، لائسنس حاصل کریں اور معیار کو بہتر بنائیں۔برآمد شدہ ادویات ضبط کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر وڈھ اکبر علی مزار زئی نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی عوامی مطالبے کے عین مطابق ہے اور شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی صورت معافی نہیں دی جائے گی۔ضلع کے مختلف مکاتب فکر نے ضلعی انتظامیہ اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عوام کی صحت کے تحفظ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ڈرگ انسپکٹر عبیداللہ شاہ نے اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار محمد جان، پولیس اور دیگر اداروں کی سپورٹ کو قابلِ تحسین قرار دیا
