کیا جمائما کی فلم عمران خان سے تعلقات پر مبنی ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے حال ہی میں اپنی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ کے بارے میں بات کی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ رومنٹک کامیڈی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ دو بین الثقافتی بچپن کے بہترین دوستوں کی محبت کی زندگی سے متعلق ہے، کہانی لندن اور جنوبی ایشیا کے درمیان ہے۔مزید یہ کہ دو مختلف ثقافتوں اور رسم و رواج سے تعلق رکھنے والے دو لوگ محبت میں گرفتار ہوتے ہیں اور پھر شادی کر لیتے ہیں۔
اس سے قبل بھی اس سے متعلق خبریں گردش کرتی رہی ہیں کہ جمائما کی فلم کی کہانی جمائما خان نے خود لکھی ہے جو ان کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ محبت اور شادی کی کہانی سے متاثرہو کر لکھی گئی ہے۔جمائما کا ایک انٹرویو میں بھی کہنا تھا کہ پاکستان چھوڑنے کے بعد ان کا اب ماننا ہے کہ ارینجڈ میرج ، رومانوی رشتوں سے زیادہ کامیاب ہوتی ہے۔
جمائما خان کا کہنا تھا کہ جب وہ پاکستان گئی تھیں تب وہ ارینجڈ میرج کو پرانا اور پاگلوں والا خیال سمجھتی تھیں، اور رومانوی رشتوں پر ہی یقین رکھتی تھیں۔جمائما نے کہا تھا کہ 10 سال پاکستان میں رہنے کے بعد جب برطانیہ واپس آئی تو اریجنڈ میرج میں کچھ فوائد بھی دیکھے۔انہوں نے اسی انٹرویو میں یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ انہیں فلم کا اسکرپٹ لکھنے میں دس سال لگے ہیں۔اب حال ہی میں جمائما کی فلم کی پہلی جھلک بھی سامنے آئی تھی جس میں اداکارہ للی جیمز اور اداکار شہزاد لطیف کو ایشیائی طرز کا رنگین لباس زیب تن کیے دیکھا جاسکتا ہے۔