اڈیالہ جیل کے باہر تشدد افسوسناک، پارلیمنٹرینز کی پٹائی آمریت کی علامت ہے، ملک انتشار کی طرف بڑھ رہا ہے: مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اڈیالہ جیل کے باہر پرامن آئینی احتجاج پر تشدد کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں قید کسی بھی شخص سے ملاقات اس کے ورثاء کا آئینی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹیرین اور اپوزیشن رہنماؤں پر تشدد آمریت کی علامت ہے اور ملک میں جمہوری روایات کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے خواتین کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا احترام مشرقی و اسلامی روایات کا حصہ ہے، گزشتہ رات خواتین پر تشدد نے مرحومہ کلثوم نواز صاحبہ پر ہونے والے تشدد کی یاد تازہ کر دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال انتشار اور تشدد کی طرف بڑھ رہی ہے، ملکی معیشت اور موجودہ حالات اس کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

WhatsApp
Get Alert