عالمی یوم انسانی حقوق پر حکومت کا سیاہ کردار، عمران خان اور کارکنان انتقام کا نشانہ، عدالتیں بے وقعت کر دی گئیں: پی ٹی آئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف نے عالمی یومِ انسانی حقوق کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پوری دنیا یہ دن منا رہی ہے مگر پاکستان میں موجودہ حکومت کے دور میں انسانی حقوق کی پامالی بدترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔
مرکزی شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جس ملک کا آئین شہری آزادیوں اور قانون کی حکمرانی کی ضمانت دیتا ہے، وہاں بنیادی حقوق کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت روندا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا گیا جبکہ شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر رہنماؤں کو من گھڑت مقدمات میں قید رکھا گیا۔
پی ٹی آئی نے خواتین رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کو انسانی حقوق کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ 26ویں اور 27ویں ترامیم کے ذریعے پارلیمان اور عدلیہ کی آزادی پر حملہ کیا گیا اور میڈیا کو زنجیروں میں جکڑ دیا گیا۔ پی ٹی آئی نے عہد کیا کہ وہ اس سیاہ دور میں حقوق کی پامالی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
