کوئٹہ: حکومت شکست کے خوف سے بلدیاتی انتخابات سے فرار چاہتی ہے، بہانے بنا کر جمہوریت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے: عبدالرحیم زیارتوال

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے التوا کی درخواستیں دے کر دراصل شکست کے خوف سے فرار کا راستہ تلاش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں ہے، اس لیے وہ طرح طرح کے بہانے بنا کر جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ صوبائی حکومت کبھی امن و امان اور کبھی موسم کی سختی کو جواز بنا کر الیکشن ملتوی کرانا چاہتی ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ فارم 47 کی پیداوار حکومت جانتی ہے کہ عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہری بنیادی مسائل کے حل اور اپنے حقیقی نمائندوں کے انتخاب کے لیے بے چین ہیں، لیکن حکومت بار بار رکاوٹیں ڈال کر عوام کو ان کے جمہوری حق سے محروم کرنا چاہتی ہے۔رہنما پشتونخوا میپ نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے التوا کی درخواست مسترد کرنا خوش آئند ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئی تو عوام سڑکوں پر نکل کر اپنے حقوق کا دفاع کریں گے۔ حکومت کی نااہلی اور بدنیتی کھل کر سامنے آچکی ہے، اور اب کوئی بھی بہانہ بلدیاتی انتخابات کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔
