وفاقی حکومت کا صوبائی ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے صوبائی ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع منصوبہ بندی کمیشن کا کہنا ہے کہ خالصتاً صوبوں کے منصوبوں کو وفاقی حکومت فنڈز فراہم نہیں کرے گی۔ وفاقی حکومت صوبوں کے صرف قومی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کرے گی۔
ہر سال وفاقی ترقیاتی پروگرام میں سے 100 سے 150 ارب روپے صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے رکھے جاتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ 2010 میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا جس پر ابھی تک عمل نہیں ہوا۔ حکومت 18 ویں ترمیم کے بعد بھی صوبوں کی ترقیاتی اسکیموں فنڈز دیتی رہی ہے۔
ذرائع منصوبہ بندی کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبوں کو فنڈز کی عدم فراہمی کا معاملہ ایکنک اور قومی اقتصادی کونسل میں لیجایا جائے گا۔قومی اقتصادی کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی موجود ہوں گے۔