گھر بیٹھ کر حجر اسود کو دیکھنا، محسوس کرنا اور بوسہ دینا ممکن

سعودی عرب(قدرت روزنامہ)اب گھر بیٹھ کر ورچوئل ٹیکنالوجی کی مدد سے حجر اسود کو دیکھنا، محسوس کرنا اور بوسہ دینا ممکن ہوگا۔
سعودی عرب میں حر مین شریفین انتظامیہ نےحجر اسود ورچوئل انیشیٹیو کاافتتاح کر دیا۔ وی آر ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل تجربات کی مدد سے اب حجر اسود کو نہ صرف ورچوئلی دیکھا جا سکے گا بلکہ بوسہ دینے اور محسوس کرنے کے لیے حقیقی منظر جیسا ماحول بھی فراہم کیا جائے گا۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس کا کہنا ہے کہ آنکھ، کان، ناک اوراحساس کے ساتھ ورچوئل طریقے سے حجر اسود کو دیکھنے کے لیے حقیقی ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حجر اسود کو دیکھنے والے خود کو اپنے پورے وجود کے ساتھ خانہ کعبہ کے سامنے محسوس کریں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم چاہتےہیں زیادہ سے زیادہ لوگ حجر اسود کو چھونے اور دیکھنے کا خواب پورا کر سکیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہ فرضی منظر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کچھ اس طرح سے پیش کیا جائے گا کہ اس پر حقیقت کا گمان ہو ۔ حجر اسود اور اس کے اطراف کے مناظر ورچوئل سسٹم سے ممکن بنائے جارہے ہیں۔