فیلڈ مارشل کی قیادت میں مسلح افواج نے ملکی خودمختاری قائم رکھی، بلاول بھٹو کا نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ورک، حوصلہ، قوانین کا احترام اور چیلنجز کا مقابلہ کرنا صرف کھیلوں کی نہیں بلکہ قومی اقدار کی علامت ہیں۔


اختتامی تقریب میں بلاول بھٹو نے رواں سال مئی میں پاکستان کی دفاعی جنگ میں قوم کی اتحاد اور عزم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی فوج، فضائیہ اور بحریہ نے نہ صرف پیشہ ورانہ مہارت اور ہم آہنگی دکھائی بلکہ ملک کی خودمختاری اور عزت بھی قائم رکھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ فتح صرف فوجی نہیں بلکہ قومی فتح تھی، جس نے عوام کے اتحاد، قومی نظم و ضبط اور محافظوں کے ساتھ قوم کے تعلق کو ظاہر کیا۔


چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس روح کو کلاس رومز، اسٹیڈیمز، تعلیمی اور روزمرہ زندگی میں جاری رکھنے پر زور دیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا وژن واضح ہونا چاہیے، ایک ایسا پاکستان جہاں ہر بچے کو ہر صوبے میں کھیل، تعلیم، صحت اور قومی خدمت کے مواقع میسر ہوں، جہاں ٹیلنٹ کو پروان چڑھایا جائے، نظم و ضبط کی قدر کی جائے اور اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت بنے۔
انہوں نے تمام شرکا، میڈلسٹ اور صوبوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل گیمز میں بننے والی دوستی اور سیکھے گئے اسباق مستقبل میں قوم کی ترقی اور اتحاد کی راہ ہموار کریں گے۔

WhatsApp
Get Alert