خواتین روشن مستقبل کی ضمانت، معاشی خودمختاری وقت کی ضرورت ہے، طالبات کیلئے بسوں اور کوسٹر کا اعلان: گورنر جعفر مندوخیل

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ خواتین ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور میں خواتین کو تعلیم یافتہ بنانے کے ساتھ ساتھ ان کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کا بھی سب سے بڑا حامی ہوں، ترقی یافتہ ممالک کی کامیابی کا راز معیاری تعلیم میں ہی پوشیدہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کوئٹہ کینٹ کے دوسرے کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر بلوچستان نے اس موقع پر گرلز کالج کی طالبات کیلئے دو بسیں، اساتذہ کیلئے ایک عدد کوسٹر جبکہ بینڈ گروپ کیلئے دو لاکھ نقد رقم کا اعلان کیا اور کہا کہ تمام فارغ التحصیل ہونے والی گریجویٹس کو گورنر ہاوس کوئٹہ میں چائے پارٹی بھی دی جائیگی۔ کانووکیشن میں 245 فارغ التحصیل طلباء میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جبکہ 14 طالبات میں گولڈ میڈل اور 14 طالبات کو بیج آف آنرز سے نوازا گیا۔
گورنر جعفر خان مندوخیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ ماں ہی ایک تربیت یافتہ خاندان کی ضمانت ہے، ہمارے جیسے ترقی پذیر ممالک میں خواتین کا معاشی طور پر خود مختار ہونا بہت ضروری ہے تاکہ وہ باخبر اور آزادانہ فیصلے کر سکیں۔ انہوں نے کامیاب کانووکیشن پر پرنسپل پروفیسر سعدیہ فاروقی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان ڈاکٹر ظہور بازئی، ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن عبدالمالک اچکزئی، ڈائریکٹر کالجز محمد حسین بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔
