قلعہ عبداللہ: کوئٹہ چمن شاہراہ پر بھتہ خوروں کے پرائیویٹ اڈے قائم، پولیس خاموش تماشائی، عوام غیر محفوظ ہو گئے

قلعہ عبداللہ ( ڈیلی قدرت )ضلع قلعہ عبداللہ میں کوئٹہ،چمن شاہراہ پر کئی مقامات پر بھتہ خوری کے پرائیویٹ اڈے قائم کیے گئے ہیں، جہاں مسلح عناصر سرعام گاڑیوں سے بھتہ وصول کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، سید حمید کراس سے زڑہ بند تک یہ سماج دشمن عناصر رات کے اوقات میں چوری کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔عوامی اور سماجی حلقوں نے صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان، ڈپٹی کمشنر اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اقدامات کر کے عوام کو ان عناصر کے رحم و کرم سے محفوظ بنائیں۔ پولیس کی طرف سے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جس سے علاقے کے شہری غیر محفوظ اور خوفزدہ ہیں۔سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے رٹ کو کھلے عام چیلنج کیا جا رہا ہے، اور فوری قانون نافذ کرنے والے اقدامات کے بغیر حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
