کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا میلہ سج گیا، 2541 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا، 108 بلا مقابلہ منتخب: الیکشن کمیشن

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا دنگل سج گیا ہے اور انتخابی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، گلی کوچوں کو بینرز اور پوسٹرز سے سجا دیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق کوئٹہ کے 172 یونین کونسلوں کے 641 وارڈز پر بلدیاتی انتخابات 28 دسمبر کو ہوں گے۔ کاغذات نامزدگی کے مرحلے کے بعد مجموعی طور پر 2 ہزار 541 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ 329 امیدواروں نے کاغذات واپس لے لیے تھے۔ اعداد و شمار کے مطابق 108 وارڈز پر صرف ایک ایک امیدوار ہونے کے باعث وہ بلا مقابلہ کامیاب تصور ہوں گے جبکہ 18 وارڈز میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے۔ الیکشن کمیشن نے زرغون، چلتن، سریاب اور تکتو ٹاؤنز میں انتخابات کے انعقاد کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
