’قوم جاہل ہے‘، باوضو ہوکر اداکاری کرنے سے متعلق بیان پر تنقید نے نعمان اعجاز کو غصہ دلا دیا


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان کے سینئر اور ورسٹائل اداکار نعمان اعجاز نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اپنے اس بیان پر وضاحت پیش کر دی ہے جس میں انہوں نے باوضو ہو کر اداکاری کرنے کا ذکر کیا تھا۔
حالیہ انٹرویو میں نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ ہماری قوم جاہل ہے، بیان کو غلط تناظر میں پیش کیا گیا اور اسے مذاق کا نشانہ بنایا حالانکہ ان کا مقصد صرف بزرگوں کی سکھائی ہوئی ایک نیک نصیحت کا حوالہ دینا تھا۔
نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ ہمارے بزرگوں نے ہمیشہ یہ نصیحت کی ہے کہ گھر سے کام کے لیے وضو کر کے نکلو تاکہ اللہ تعالیٰ رزق میں برکت عطا فرمائے۔ تاہم ان کے مطابق بعض افراد نے اس بات کو غلط تناظر میں پیش کرتے ہوئے یہ کہنا شروع کر دیا کہ وہ وضو کی حالت میں نامحرم خواتین کے ساتھ کام کرتے ہیں۔


اداکار نے کہا کہ ہماری قوم جاہل ہے وہ ایسی باتوں کو مذاق میں لیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ دوسروں کی خوشی برداشت نہیں کر پاتے اور بلا وجہ تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ نعمان اعجاز کے مطابق وہ ہمیشہ یہ بات کہتے ہیں کہ ایک دوسرے کی خوشی میں خوش ہونا چاہیے کیونکہ اسی سے زندگی میں برکت اور خوشیاں آتی ہیں مگر ہم ایک دوسرے سے جلنے کی عادت نہیں چھوڑ سکتے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں نعمان اعجاز کا ایک بیان وائرل ہوا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ باوضو ہوکر کام کرتے ہیں اس لیے اللہ ان کے شوبز کے کام میں برکت ڈالتے ہیں اور وہ کام لوگوں کو پسند آجاتا ہے، ان کا رزق ایسے ہی چلتا ہے، ان کا کوئی کمال نہیں، سب خدا کا کرم ہے۔ اداکار کے اس بیان پر لوگوں نے ان کا مذاق اڑایا اور کہا کہ باوضو ہوکر نامحرم عورتوں کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
نعمان اعجاز نے اپنے کیریئر میں کئی شاندار پراجیکٹس کیے ہیں اور ہر کردار کو بھرپور طریقے سے نبھانے کی مہارت رکھتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں انہوں نے بسمل، پرورش اور شرپسند جیسے کامیاب پراجیکٹس کے ذریعے اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔

WhatsApp
Get Alert