پنجگور: چتکان بازار میں 3 بینکوں میں ڈکیتی، مزاحمت پر سی ٹی ڈی اہلکار اور شہری شہید، ڈاکو 19 کروڑ سے زائد رقم لے اڑے


پنجگور ( ڈیلی قدرت ) پنجگور کے چتکان بازار میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے بیک وقت تین نجی بینکوں (میزان، ایم سی بی اور ایچ بی ایل) پر دھاوا بول دیا۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے امام بخش دھبنگ کی سربراہی میں مزاحمت کی جس کے نتیجے میں شدید دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ 15 سے 20 منٹ تک جاری رہا۔ فائرنگ اور دھماکوں سے علاقہ گونج اٹھا اور بازار میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک سی ٹی ڈی اہلکار دودا خان اور ایک شہری امان اللہ شہید ہوگئے جبکہ دو پولیس اہلکاروں شاکر ندیم، شعیب اور ایک شہری سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔ مسلح ڈاکو تینوں بینکوں سے مجموعی طور پر 19 کروڑ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق میزان بینک سے 8 کروڑ 65 لاکھ، ایم سی بی سے 8 کروڑ 42 لاکھ اور حبیب بینک سے 2 کروڑ 7 لاکھ روپے لوٹے گئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور انتظامیہ نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert