سیول ہسپتال کوئٹہ میں علاج و سہولیات کا جامع جائزہ، میر لیاقت لہڑی کی حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے سیول ہسپتال کوئٹہ کے میڈیسن وارڈ کا تفصیلی اور جامع دورہ کیا۔ اس موقع پر فوکل پرسن ادریس آغا نے انہیں ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کروایا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، دستیاب ادویات، تشخیصی نظام اور مجموعی انتظامی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران میر لیاقت لہڑی نے ہسپتال میں ڈاکٹروں کی بروقت حاضری، نرسنگ اسٹاف اور پیرا میڈیکل عملے کی شبانہ روز محنت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ طبی عملہ محدود وسائل کے باوجود عوام کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی، ان سے علاج، ادویات اور دیگر سہولیات سے متعلق دریافت کیا اور مریضوں کی جانب سے دی جانے والی آراء کو توجہ سے سنا۔
پارلیمانی سیکرٹری نے سیول ہسپتال میں جدید طبی آلات کی دستیابی، بہتر انتظامی نظم و نسق اور مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی پر صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری، عملے کی استعداد کار میں اضافے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
میر لیاقت لہڑی نے مزید کہا کہ معیاری اور بروقت علاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس حق کی فراہمی حکومت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے اور سرکاری ہسپتالوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
