تعلیمی اداروں میں سردی کی تعطیلات جنوری میں کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں اتفاقِ رائے سے فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات جنوری میں ہوں گی۔ذرائع نے بتایا کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تمام صوبوں کی سفارشات کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چھٹیوں کی تاریخ طے کرنے کے معاملے پر اجلاس میں بحث جاری ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ این سی او سی کے اجلاس میں طے کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا ویکسینیشن کا عمل جاری رہے گا۔
این سی او سی کے اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ برفباری والے علاقوں میں تعطیلات طویل رہیں گی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں ویکسی نیشن اور کورونا وائرس کی صورتِ حال کا جائزہ بھی لیا گیا۔این سی او سی کے اجلاس میں تمام اکائیوں سے مشاورت کے بعد موسمِ سرما کی تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزرائے تعلیم کا سیکریٹری تعلیم کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں وزارتِ صحت اور صوبائی وزرائے تعلیم کے درمیان تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں پر مشاورت ہوئی۔اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں 25 دسمبر سے 5 جنوری تک سردیوں کی تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا۔