بھارتی وزیرِاعلیٰ کے مسلمان ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے پر زائرہ وسیم کا سخت ردِعمل

ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک سرکاری تقریب کے دوران مسلمان خاتون ڈاکٹر کا حجاب ہٹانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔
یہ تعصبانہ واقعہ ایک حکومتی تقریب کے دوران پیش آیا جہاں بہار کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹرز کو سرٹیفکیٹ دے رہے تھے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیر اعلیٰ پہلے خاتون ڈاکٹر کو حجاب ہٹانے کا اشارہ کرتے ہیں اور اس سے پہلے کہ خاتون ڈاکٹر کوئی ردِعمل ظاہر کرتیں وزیرِ اعلیٰ ہاتھ بڑھا کر اِن کا حجاب نیچے کر دیتے ہیں۔
A woman’s dignity and modesty are not props to toy with. Least of all on a public stage. As a Muslim woman, watching another woman’s niqab being pulled at so casually, accompanied by that nonchalant smile, was so infuriating.
Power does not grant permission to violate…
— Zaira Wasim (@ZairaWasimmm) December 15, 2025
اس واقعے پر سابق بالی ووڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
زائرہ وسیم نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بہار کے وزیرِ اعلیٰ کے اس عمل کو خواتین کی توہین اور ذاتی حدود کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ اقتدار اور طاقت کسی کو یہ حق نہیں دیتی کہ وہ کسی عورت کے وقار اور حیا کو مجروح کرے۔
زائرہ وسیم نے وزیر اعلیٰ سے متاثرہ خاتون سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بہار پر سیاسی حلقوں میں بھی اس نیچ حرکت کے بعد شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
کانگریس نے اس عمل کو شرمناک قرار دیا ہے جبکہ راشٹریہ جنتا دل نے وزیراعلیٰ کے رویے اور ذہنی حالت پر سوالات اٹھائے ہیں۔
