مانگی ڈیم 2026 تک مکمل ہوگا، گوادر میں پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں: سردار عبدالرحمن کھیتران

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں گوادر میں پانی کے مسئلے کے حل اور مانگی ڈیم کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹسز نمٹا دیے گئے ہیں جبکہ ایوان نے آغا خان پراپرٹیز اور بلوچستان پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ سے متعلق قوانین بھی منظور کرلیے ہیں۔ منگل کو ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گوادر کے پانی پر حکومت کی مکمل توجہ ہے، ماضی میں ٹینکر کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے جس کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میرانی ڈیم سے پانی کی فراہمی کیلئے فزیبلٹی مکمل کرنے کے پیسے جاری کر دیے گئے ہیں اور اس منصوبے کیلئے وفاق اور عالمی اداروں سے مدد لی جائے گی۔ اس وقت گوادر کو 28 لاکھ گیلن پانی یومیہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ مانگی ڈیم کے حوالے سے صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھیتران نے بتایا کہ وفاق کی جانب سے فنڈز نہ ملنے پر وزیراعلیٰ نے 2 ارب روپے فراہم کیے ہیں، ڈیم مارچ 2026 تک مکمل ہوگا اور جون 2026 سے کوئٹہ کو پانی ملنا شروع ہو جائے گا۔ اجلاس کے دوران رکن اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے اپنے بھائی کی شہادت پر تعزیت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ دہشت گردی سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ پینل آف چیئر پرسن کے رکن نے ارکان اسمبلی کے کارڈ اور جھنڈے والی گاڑیوں کے احترام اور کوئٹہ پروجیکٹ کے ڈائریکٹر کو بریفننگ کیلئے طلب کرنے کی رولنگ بھی دی۔
