’بلوچستان لیکس‘ نے ایوان میں طوفان کھڑا کر دیا، سائبر کرائم کا سربراہ طلب، ارکان کی پگڑیاں اچھالنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت): بلوچستان اسمبلی کا منگل کو ہونے والا اجلاس سوشل میڈیا پیج ”بلوچستان لیکس“ کے خلاف احتجاج سے گونجتا رہا۔ قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے ایوان میں معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ارکان اسمبلی اور سیاستدانوں کی کردار کشی کی جا رہی ہے اور فیک نیوز پھیلائی جا رہی ہیں۔ ارکان کے شدید ردعمل پر اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے رولنگ دیتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے مقامی سربراہ کو فوری طور پر اسمبلی طلب کر لیا ہے۔ اسپیکر نے معاملے کی تحقیقات کے لیے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے جو کردار کشی میں ملوث عناصر کا سراغ لگائے گی۔
