بلوچستان میں لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کا تاریخی معاہدہ، پہلے مرحلے میں 25 اضلاع کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہوگا: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

زمینوں کے تنازعات اور بدعنوانی کا خاتمہ ہوگا، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت لائیں گے، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں معاہدے پر دستخط


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان میں اراضیات کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے حکومت بلوچستان اور لینڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (LIMS) کے مابین تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقدہ سادہ مگر پروقار تقریب میں حکومت بلوچستان کی جانب سے سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمبر دشتی اور لمز (LIMS) کی جانب سے سی ای او نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں بلوچستان کے 25 اضلاع میں جی آئی ایس (GIS) سسٹم کے تحت زمینوں کی ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی اراضیات کی ڈیجیٹلائزیشن صوبے کی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ سے زمینوں کے تنازعات میں کمی واقع ہوگی، بدعنوانی کے امکانات کم ہوں گے اور عوام کو زمینوں کی منتقلی اور تصدیق میں بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔


وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ زمینوں کے ریکارڈ میں شفافیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، اور یہ ڈیجیٹل نظام گڈ گورننس کو مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ منصوبے پر مقررہ وقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا کیونکہ صوبائی حکومت اصلاحات، شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

WhatsApp
Get Alert