کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات نہ کرائے جائے ‘ حکومتی سیاسی جماعتوں نے ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کردی
پیپلز پارٹی ‘ مسلم لیگ ن ’ اے این پی ‘ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ‘ بلوچستان عوامی پارٹی نے پٹیشن دائر کردی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو رکوانے کے لیے سیاسی جماعتوں نے بلوچستان ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ یونس بلوچ اور دیگر کی جانب سے دائر کی گئی آئینی درخواست میں عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ صوبے میں شدید موسمی صورتحال اور ووٹر لسٹوں میں موجود تکنیکی مسائل کی وجہ سے فوری طور پر انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے، لہذا انہیں ملتوی کیا جائے۔
پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں الیکشن کرانے سے شہر میں امن و امان کا سنگین مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ یونس بلوچ کے مطابق یہ پٹیشن بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور مسلم لیگ ن کی جانب سے مشترکہ طور پر دائر کی گئی ہے، جبکہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور پشتونخوا نیشنل پارٹی نے بھی بلدیاتی انتخابات کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے سے متعلق بلوچستان حکومت کی درخواست کو مسترد کر چکا ہے، جس کے بعد سیاسی جماعتوں نے قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔
