بلوچستان ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، چیئرمین بی ڈی اے کیپٹن (ر) جاوید جان کی تعیناتی کالعدم، فوری عہدہ چھوڑنے کا حکم

ریٹائرمنٹ کے بعد ایکسٹینشن غیر قانونی ہے، بی ایس ایس یا بی سی ایس کیڈر کا افسر تعینات کیا جائے: عدالتی ریمارکس


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)عدالت عالیہ بلوچستان نے چیئرمین بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) کیپٹن (ر) جاوید جان کی تعیناتی کو خلافِ قانون قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر عہدہ چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے اور حکومت بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ قانون کے مطابق بی ایس ایس یا بی سی ایس کیڈر کے افسر کو چیئرمین مقرر کیا جائے۔
یہ حکم عدالت عالیہ بلوچستان میں دائر آئینی درخواست عبدالجلیل بنام حکومت بلوچستان کی سماعت کے دوران جاری کیا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ بی ڈی اے رولز کے سیکشن 5 کے تحت چیئرمین کا بی ایس ایس یا بی سی ایس کیڈر سے ہونا لازمی ہے، جبکہ یہ شرط بھی موجود ہے کہ چیئرمین مقرر ہونے سے قبل متعلقہ افسر بی ڈی اے میں ڈائریکٹر کے عہدے پر خدمات انجام دے چکا ہو۔ وکیل نے بتایا کہ کیپٹن (ر) جاوید جان اس سے قبل مستقل چیئرمین رہ چکے تھے لیکن ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں خلاف قانون ایکسٹینشن دے کر دوبارہ تعینات کیا گیا جو قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور حکومت بلوچستان کی جانب سے تسلی بخش جواب نہ ملنے پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ کیپٹن (ر) جاوید جان کی تعیناتی قانونی تقاضوں پر پوری نہیں اترتی، لہٰذا اسے غیر قانونی قرار دیا جاتا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ موجودہ چیئرمین فوری طور پر عہدہ چھوڑ دیں اور حکومت جلد از جلد قوانین کے مطابق نیا چیئرمین تعینات کرے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت سردیوں کی عدالتی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کر دی ہے۔

WhatsApp
Get Alert