بلوچستان میں اساتذہ بھرتی اسکینڈل: اینٹی کرپشن متحرک، کوئٹہ میں چھاپے، اہم ریکارڈ ضبط

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )محکمہ انسداد بدعنوانی بلوچستان نے ایس بی کے کے ذریعے بلوچستان سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں اساتذہ کی حالیہ بھرتیوں میں بدعنوانی کے الزامات پر کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے ہونے والے بھرتی عمل میں پیسے کے عوض بھرتیوں کے شواہد سامنے آئے ہیں، جس کے بعد انکوائری کے دوران متعدد اہم شواہد ریکارڈ پر آ گئے۔اینٹی کرپشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے بلوچستان بھر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں بشمول شہباز ٹان، جناح ٹان اور دیگر ملحقہ مقامات میں نجی دفاتر اور اہم سرکاری اداروں پر چھاپے مارے گئے، جہاں سے اہم ریکارڈ ضبط کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مزید چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے اور اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔ اینٹی کرپشن حکام نے واضح کیا کہ کسی بھی شکل میں بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کے مطابق ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
