بلوچستان اسمبلی میں بھرتیوں کے عمل کو ہائیکورٹ نے روک دیا

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )بلوچستان اسمبلی میں خالی آسامیوں کو بلوچستان پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کے بغیر مشتہر کرنے کے عمل کو بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔بدھ کو سلمان سنجرانی ایڈووکیٹ نے ساتھی وکلا مبشر خان کاکڑ اور شہریار علی کے ہمراہ آئینی درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسمبلی نے بھرتیوں کے لیے اشتہار بی پی ایس سی کو ریفر کیے بغیر جاری کیا، جو آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ اس عمل سے شفافیت اور میرٹ کے اصول متاثر ہوئے ہیں، جس پر عدالت سے مداخلت کی استدعا کی گئی۔چیف جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس نجم الدین مینگل پر مشتمل بینچ نے درخواست سماعت کے لیے منظور کی اور فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔ عدالت نے کیس کے حتمی فیصلے تک کسی بھی قسم کی بھرتیوں یا تقرریوں پر روک لگانے کا حکم بھی جاری کیا۔
