بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، عوام 28 دسمبر کو باہر نکلیں: عبدالرحیم زیارتوال

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ پشتونخوامیپ بنیادی طورپر جمہوریت کی داعی رہی ہے اور آج بھی پارٹی کے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ کے فارم سے ملک کے آئین کو تحفظ دینے، آئین کی بالادستی، جمہور کی حکمرانی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام، اداروں کی سیاست میں مداخلت کے رول کے خاتمے کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ کوئٹہ کے غیور عوام بلدیاتی اداروں کے قیام کے لیے 28دسمبر کو جمہوری حق رائے دہی کا استعمال کرے، بلدیاتی اداروں کی فعالیت سے عوام کی نچلی سطح پر مسائل کا حل ممکن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں مختلف انتخابی دفاتر کے افتتاحی تقاریب، کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ جس سے پارٹی کے دیگر صوبائی، ضلعی،تحصیل اور علاقائی رہنماں نے بھی خطاب کیا۔ پارٹی رہنماں نے کہا کہ کوئٹہ کے چاروں ٹانز میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں ٹانز کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی۔ اور اس کے ذریعے ان نمائندوں کو کامیاب کرنا اتحاد میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کا فریضہ ہے کہ وہ مشترکہ انتخابی مہم کے تحت اپنے امیدواروں کوکامیاب بنائیں۔ مقررین نے کہا کہ 13سال سے کوئٹہ کو بغیر بلدیاتی ادارے چلایا گیا اور نتیجہ آج سب کے سامنے ہیں۔ بلدیاتی نظام اور ادارے نہ ہونے کے باعث بلدیہ کی جائیدادوں کی نام نہاد بولیاں لگا کر من پسند افراد کو دی جارہی ہے اور کرپشن وکمیشن کے لیے راہ ہموار کیئے جارہے ہیں۔ لوکل گورنمنٹ الیکشن آئین کا حصہ ہے جس طرح ملک میں آئین اس طرح پائمال کیا گیا ہے کوئٹہ کے انتخابات کو ملتوی کرنے کی بھی ایک بار پھر سازش کی جارہی ہے اور یہ سازش فارم 47کی حکومت کررہی ہے جو خود 8فروری کے انتخابات میں زروزورکی بنیاد پر مسلط ہوئی۔اور ایک بار کوشش کی جارہی ہے کہ سرکاری وسائل کے بروئے کار لاکر انتخابی مہم پر اثر انداز ہوکر عوام کے حقیقی نمائندوں اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر فارم47کے نمائندوں کو لایا جاسکے اور اس سازش کو ناکام بنانا عوام کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
