کونسی سیاسی جماعتیں بلدیاتی الیکشن سے خوفزدہ ہیں؟ عوام کو بااختیار بنانے میں رکاوٹ نہ بنیں: عبدالخالق ہزارہ

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ اور دیگر مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو عوام کے حقوق کے حصول کے لیے صف اول کا کردار ادا کرنا چاہیے، سمجھ سے بالا تر ہے کہ وہ کون سی سیاسی جماعتیں ہیں جو بلدیاتی انتخابات کے التوا کی درخواستیں کر کے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کر رہی ہیں۔ مسلط صوبائی حکومت کی پریشانی تو سمجھ آتی ہے کہ انہیں اپنی ناکامی کا یقین ہے لیکن سیاسی جماعتوں کا رویہ حیران کن ہے۔
یہ بات انہوں نے زرغون ٹاؤن اور چلتن ٹاؤن میں انتخابی مہم کے دوران مختلف کارنر میٹنگز اور اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ رہنماؤں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوں کے مسائل کا حل بلدیاتی اداروں کی فعالیت میں مضمر ہے، اس لیے 28 دسمبر کو انتخابات ہر صورت ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جوش و خروش سے واضح ہے کہ ایچ ڈی پی کے امیدواروں کو بڑی تعداد میں کامیابی ملے گی۔
