مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار، بارش اور برفباری کی پیشگوئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے ملک میں مغربی ہوائیں داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بارش اور برفباری کی نوید بھی سنا دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، مری، گلیات وگرد و نواح میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔
لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ،گجرات، جہلم، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان، قصور، خانیوال، خانپور، کوٹ ادو اور لیہ بھکر میں بھی دھند رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور اور موہنجوداڑو میں دھند رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر دھند رہے گی، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے موسم کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں 20 سے 22 دسمبر تک بارشوں کا امکان ہے۔
مغربی ہوائیں 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوں گی، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں برفباری کا امکان ہے، پشاور میں موسم مزید سرد ہونے اور بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا اندیشہ بھی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، 20اور21 دسمبر کے دوران پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ اورجھنگ میں بارش کاامکان ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 20اور21دسمبر کے دوران بارش ہونے کی توقع ہے۔
