ٹرانسپورٹرز پر جرمانے زیادہ ہیں، ایف آئی آرز ختم کروا دیں : وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر

کراچی (قدرت روزنامہ) وزیرِ ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز پر جرمانے زیادہ ہیں، ایف آئی آرز ہو رہی تھیں، انہیں ختم کروا دیا ہے۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر کراچی میں ماڑی پور ٹرک اڈے پہنچے اور پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر اور دیگر عہدے داروں سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ ٹرانسپورٹ برادری نے پرامن ہڑتال کی، اس دوران کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہوئی، جس پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ڈرائیورز کے لیے ریسٹ ایریاز بنائیں گے، جو کراچی سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرے گا، اسے پنجاب میں تسلیم کیا جائے گا، یہ سرٹیفکیٹ 6 ماہ کے لیے کار آمد رہے گا۔گاڑی کی خرابی کی صورت میں جرمانہ ہو گا، آپ کو بتا دوں کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہہ دیا ہے کہ ہر شہر میں ٹرک اسٹینڈ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ لائسنس ملنے میں تاخیر ہوتی ہے، لائسنس ملنا مشکل ہے، جسے گاڑی چلانا آئے گی، اسے ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکل لائسنس ملے گا۔
