بلوچستان کی ترقی امن و اتحاد سے وابستہ ہے، دہشتگردوں کے عزائم کو مل کر ناکام بنائیں گے: کور کمانڈر 12 کور
قبائلی عوام ریاست کے مضبوط شراکت دار ہیں، امن کے قیام میں عمائدین کا کردار کلیدی ہے: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی و گورنر جعفر مندوخیل کا گرینڈ جرگے سے خطاب

ڈیرہ مراد جمالی (ڈیلی قدرت) ایف سی بلوچستان نارتھ (114 ونگ سوئی رائفل) کے زیر اہتمام ڈیرہ مراد جمالی میں ایک عظیم الشان گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں صوبے کی اعلیٰ ترین سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ جرگے میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ، آئی جی پولیس، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کا راستہ امن و اتحاد سے وابستہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام نے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہے اور ہم سب نے مل کر وطن دشمن عناصر کی سازشوں کو شکست دینی ہے۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاک فوج اور فرنٹیئر کور خطے میں پائیدار امن، سماجی استحکام اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی، اور علاقے میں امن قائم رکھنے میں قبائلی عمائدین کا کردار نہایت اہم ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ قبائلی عوام ہمیشہ سے ریاستی اداروں کے مضبوط شراکت دار رہے ہیں، امن کے تسلسل اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔
جرگے میں صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، پارلیمانی سیکرٹری حاجی محمد خان لہڑی، سردار بابا غلام رسول عمرانی، عبدالمجید بادینی، کمشنر نصیر آباد صلاح الدین نوروزئی، کمانڈنٹ سوئی رائفل کرنل عثمان اسلم اور بڑی تعداد میں قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔ قبائلی عمائدین نے ایف سی اور پاک فوج کی جانب سے امن کے قیام بالخصوص کوہان سروے پروجیکٹ اور این 65 کی سیکیورٹی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ریاست کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
