نوکنڈی: صادق سنجرانی کا تفتان رائفلز ہیڈ کوارٹر کا دورہ، شہداء کو خراج عقیدت، عوام اور فورسز کا تعاون امن کی ضمانت ہے: سابق چیئرمین سینیٹ

نوکنڈی ( ڈیلی قدرت کوئٹہ)سابق چیئرمین سینیٹ و رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد صادق سنجرانی نے نوکنڈی میں تفتان رائفلز بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بریگیڈیئر عامر خان خلیل سے ملاقات میں علاقے کی سیکیورٹی صورتحال، سرحدی چیلنجز اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔دورے کے موقع پر گزشتہ دنوں بریگیڈ ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے خودکش حملے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ حاجی صادق سنجرانی نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کی بہادرانہ کارروائی کے باعث ایک بڑے سانحے سے بچا ممکن ہوا، جو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے نوکنڈی اور چاغی کو پرامن علاقے قرار دیتے ہوئے عوام اور فورسز کے درمیان قریبی تعاون کو امن کی ضمانت قرار دیا۔دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین عبدالودود خان سنجرانی، ایس پی چاغی محمد شریف خان، ڈی ایس پی اکبر خان سنجرانی، خیام جان جمالدینی، ڈسٹرکٹ ممبر الطاف خان سنجرانی اور دیگر قبائلی و سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔ حاجی صادق سنجرانی نے فورسز کے کردار کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
